
الطاہر شمارہ نمبر
43 |
اردو مین پیج |
بزم الطاهر
﴾ میں بڑے شوق سے الطاہر پڑھتی ہوں. وہ لفظ میرے پاس نہیں کہ الطاہر کی تعریف بیان کرسکوں۔ اس رسالے کے پڑھنے سے جو میرے اندر اچانک تبدیلیاں آئی ہیں وہ میں آپ کو بیان نہیں کرسکتی، اور کچھ تبدیلیاں استاد محترم مفتی عبدالرحیم صاحب کی وجہ سے پیدا ہوئی ہیں کہ انہوں نے محبوب سجن سائیں کی اچھی اچھی باتیں بتائیں ہیں۔ میں اس خط کے ذریعے ان کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں اور اب میں بھی سجن سائیں کی مرید بننا چاہتی ہوں اور مجھے شوق ہے کہ میں بھی انہیں مریدوں میں شامل ہوجاؤں جن کو میں نے پڑھا ہے۔ خاص کر کے جس مضمون سے میں بہت متاثر ہوئی وہ ہے (جو میں نے دیکھا) جو (عرفان اللہ عباسی) نے ستمبر کے رسالے میں لکھا تھا، اس نے مجھے خط لکھنے پر اور کچھ مواد بھیجنے پر مجبور کردیا۔ (گل ناز لاڑک۔پنجوڈیرو)
٭بہن گل ناز صاحبہ! پسندیدگی کاشکریہ۔
﴾ شمارہ نمبر 42 پڑھا، آنحضرت صلّی اللہ علیہ وسلم بحیثیت معلم پڑھنے سے کافی سکون ملا اور حضور صلّی اللہ علیہ وسلم کا اخلاق حمیدہ، تبلیغی کاوشیں جس کو ہم لوگ اپناکر دنیا میں کامیاب و کامران ہوسکتے ہیں۔ خطاب مبارک پڑھا دل کو سکون ملا، فیض ملا اور صحبت کا شوق بڑھا۔ آخر میں الطاہر انتظامیہ سے اپیل ہے کہ برائے مہربانی سندھی لوگوں پر بھی مہربانی فرمائیے۔ سندھی رسالہ الاصلاح بھی الطاہر کے ساتھ ضرور شایع کریں۔ فقیر شہر اور دیگر علائقوں میں اسٹال وغیرہ لگاتا ہے، وہاں لوگ الاصلاح سندھی رسالہ کے لیے بڑے بے تاب ہیں، اس پر توجہ دی جائے۔ (فقیر شبیر نعمان طاہری، ٹنڈوالہیار)
٭ بھائی بشیر صاحب! آپ کی درخواست بذریعہ الطاہر الاصلاح کی انتظامیہ کو پیش ہے۔
﴾ یہ حقیر عاجز پہلی مرتبہ حاضر خدمت ہوا ہے۔ شمارہ نمبر 42 کے تمام مضامین بہت اچھے تھے اور ان کو پڑھ کر بہت خوشی ہوئی اور دل کو سکون اور راحت محسوس ہوئی۔ دعا ہے کہ یہ سلسلہ جاری وساری رہے۔ میں کمپیوٹر سائنس کا طالبعلم ہوں، میرے پاس کمپیوٹر کی کچھ مفید جنرل معلومات ہے، جو عام قارئین اور الطاہر کے پڑھنے والوں کے لیے مفید ہوگی، کیا اس قسم کا کوئی مواد شایع ہونے کے لیے میں بھیج سکتا ہوں؟ (سلیم اللہ جمالی، نوابشاہ)
٭ سلیم اللہ صاحب! قارئین الطاہر کے استفادہ کے لیے ہی شایع ہوتا ہے، اس میں آپ کی طرف سے بھیجے ہوئے مواد کا خیر مقدم کیا جائے گا۔
﴾ رسالہ دوماہی الطاہر مطالعہ کیا، رسالے کے تمام مضامین بہت پسند آئے۔ رسالہ کو دوماہی کرنے پر ادارے کو مبارک باد ہو۔ کچھ تنظیمیں رپورٹس بھیج رہا ہوں، امید کہ شایع کریں گے۔ سلسلہ نمبر 42 میں خط و کتابت کے لیے جو پتہ اور ایڈریس لکھی ہوئی ہے اس میں ابھی تک دوماہی کی جگہ سہ ماہی الطاہر درج ہے، اگلے شمارے میں درستی ہو تو بہتر ہوگا۔ (فقیر حضور علی طاہری، مکلی)
٭ حضور علی صاحب! غلطی کی طرف توجہ دلانے کا شکریہ۔
﴾ شمارہ نمبر 42 پڑھنے کی سعادت نصیب ہوئی۔ تمام مضامین پڑھے بہت پسند آئے۔ فقیر عبدالستار صاحب ملتان والے کا مضمون ”نگاہ ولی میں وہ تاثیر دیکھی“ قابل ذکر ہے۔ یہ بات پڑھ کر خوشی ہوئی کہ الطاہر دوماہی ہوا ہے۔ شمارہ نمبر 40 میں ذہنی آزمائش کے مقابلے میں بذریعہ قرعہ اندازی میں میرا انعام نکلا تھا، لیکن افسوس کہ اتنا عرصہ گذرنے کے بعد بھی کتاب نہیں ملی۔ آپ سے مؤدبانہ گذارش ہے کہ برائے مہربانی انعام بھیج دیں۔ (عاجز محمد آصف طاہری، قمبر علی خان)
٭ آصف صاحب! آپ اپنا مکمل ایڈریس بھیج دیں، رسالہ پہلی فرصت میں آپ کی طرف بھیجا جائے گا، دیر کی وجہ بھی آپ کی مکمل ایڈریس کا موجود نہ ہونا تھا۔
﴾ الطاہر رسالے کا 42 واں شمارہ پڑھ کر بہت خوشی ہوئی کہ رسالے کو دوماہی کیا گیا ہے۔ اب ہمیں زیادہ انتظار نہیں کرنا پڑے گا۔ اللہ تعالیٰ الطاہر رسالے کو دن دوگنی رات چوگنی ترقی عطا فرمائے اور میرے پیر و مرشد سجن سائیں کا الطاہر رسالے کی صورت میں یہ پیغام پوری دنیا تک پہنچائے۔ آمین۔ (شمائلہ طاہری، فیصل آباد چک نمبر 208)
﴾ الطاہر کابیالیسواں رسالہ ملا، پڑھ کر بہت خوشی ہوئی اور حضور قبلہ عالم محمد طاہر محبوب سجن سائیں کا خطاب دلنواز پڑھ کر ایمان تازہ ہوا۔ شمارہ کو دوماہی کرنے پر آپ کے مشکور ہیں اور امید کرتے ہیں کہ بہت جلد رسالہ ماہانہ ہوجائے گا۔ اور دیگر سیرت ولی کامل جلد اول کے بارے میں گذارش ہے کہ سالانہ عرس مبارک پر بھی نہیں ملی۔ (محمد حفیظ طاہری، ضلع وہاڑی)
٭ بھائی محمد حفیظ صاحب! کچھ ناگریز وجوہات کی وجہ سے سیرت ولی کامل کی اشاعت میں کچھ تاخیر ہوتی ہے، انشاء اللہ سیرت ولی کامل سے آپ جلد مستفید ہوں گے۔
﴾ میں پہلی بار خط لکھ رہا ہوں۔ بڑے عرصے سے میں کوشش کررہا تھا کہ الطاہر میں ہم بھی کوئی حصہ ڈالیں تو تھوڑی کوشش کرکے چند چیزیں لکھی ہیں، برائے مہربانی انہیں ضایع نہ کیجیے گا۔ (محمد یاسین طاہری، محمد شکیل طاہری)
﴾ رسالہ بہت خوبصورت، اچھے مضامین کے ساتھ سج کر آرہا ہے۔ اصلاح معاشرہ میں بہترین کردار ادا کررہا ہے۔ (معصوم طاہری، غفاریہ کلاتھ شاہی بازار لاڑکانہ)
﴾ نیا شمارہ پڑھ کر دل کو بے حد خوشی ہوئی۔ سارے ہی مضمون اپنی مثال آپ تھے اور سائنسی معلومات بھی حاصل ہوئی۔ (فقیرنذیر احمد طاہری، میر شاہ محمد کالونی ضلع ٹنڈوالہیار)
﴾ خلاف توقع رسالہ اطاہر کی دو
جلدیں مل گئیں، دل جھوم اٹھا، ورق گردانی کی۔ اسی دن نماز جمعہ کے بعد نور گاؤں رام
پورہ میں درس حدیث ”گستاخ رسول کی سزا“ پڑھ کر سنایا۔ تمام سلسلے پسند آئے، حضور
قبلہ عالم کے خطاب نے رسالہ کو چمکادیا۔ اسلام اور سائنس اچھا لگا۔ الطاہر سے ایک
گلہ بھی ہے، رسالہ باقائدگی سے نہیں ملتا، آپ ماہانہ کرنے کی کوشش میں ہیں اور عاجز
کے لیے تو سالانہ ہوگیا ہے۔ شمارہ 33 کے بعد 36 موصول ہوا اور 36 کے بعد 41 ملا ہے۔
شمارے نمبر (40,39,38,37) اگر ہوں تو ضرور ارسال فرمائیں نوازش ہوگی۔ (فقیر مقصود
احمد طاہری، رام پور تحصیل وضلع بہاولنگر)
٭ محترم مقصود احمد صاحب! رسالہ نہ ملنے پر آپ سرکیولیشن مینیجر سے رابطہ فرمائیں،
انشاء اللہ گذشتہ شمارے بھی آپ کو مل جائیںگے۔
﴾ آپ سے شکایت ہے، آپ (ر ط ج) یونٹ میرواہ ناکہ کی ایک ہی تبلیغی اصلاحی رپورٹ شایع نہیں کرتے۔ جس وقت میں جنرل سیکریٹری تھا تو آپ کو 15 لیڈیز اور تقریباً 20 پروگرام جو نوجوانوں کے لیے ہوئے تھے اس کی رپورٹ بھیجی تھی لیکن آپ نے شایع نہیں کی۔ اس طرف بھی توجہ دیجیے۔ (ساجد علی طاہری، ر ط ج میرواہ ناکہ)
٭ ساجد علی صاحب! موصول ہونے والی سب رپورٹیں شایع کی جاتی ہیں، بعض اوقات آپ کی بھیجی ہوئی رپورٹیں محکمہ ڈاک کی غفلت کی وجہ سے پہنچ ہی نہیں پائیں جس کا ادارہ ذمہ دار نہیں ہے۔
﴾ پچھلے شماے میں، میں نے سرہاری سے ذہنی آزمائش 69 میں خط لکھا کر شامل ہوا تھا لیکن میرا نام سرہاری کے بجائے لاڑکانہ کے نام سے شایع کیا گیا، اس غلطی کی طرف میں آپ کی توجہ دلانا چاہتا ہوں۔ (محمد منور بروہی، سرہاری)
٭ بھائی منور صاحب! غلطی پر معذرت۔ امید ہے اس بار آپ خوش ہوگئے ہونگے۔
﴾ سالانہ عرس مبارک میں خریدا پڑھ کر بڑی خوشی ہوئی کہ الطاہر اب دوماہی ہوگیا ہے۔ الطاہر رسالہ میں دوسری مرتبہ تحریر بھیج رہا ہوں امید ہے آپ ضرور شایع کریں گے۔ پہلے بھی میں نے تحریر بھیجی تھی لیکن وہ شایع نہیں ہوئی۔ (فقیر عبدالشکور خاصخیلی طاہری، بیلہ)
﴾ پیارا الطاہر پڑھا، سکون ملا۔ قلبی و روحی فداہ حضور قبلہ عالم کا دلنواز خطاب پڑھ کر ایمان میں تازگی آئی۔ ذرا کاغان تک بے حد اچھا لگا۔ الطاہر کے دوماہی ہونے پر بے حد خوشی محسوس ہوئی۔ (شکیلہ کنول، چھنی ٹیٹو نارووال)
دیگر احباب جن کے خطوط موصول ہوئے.
محمد شعیب ولد غلام سرور، جوڑہ ضلع گجرات۔ عارف طاہری، میرواہ ناکہ ٹنڈوالہیار۔