جلوہ گاہِ دوست |
|
تعلیمات مشائخ نقشبند
سلسلہ عالیہ نقشبندیہ کے عظیم شیخ حضرت حاجی دوست محمد قندھاری قدس سرہٗ اپنے ایک مختصر و جامع مکتوب میں تحریر فرماتے ہیں: فقیر حقیر لاشئی دوست محمد عفی عنہ کی طرف سے شوق و محبت میں پُر سلام مسنونہ کے بعد دوستوں کے لیے نصیحتیں تحریر کی جاتی ہیں۔ معلوم ہونا چاہیے کہ طریقہ صوفیہ کی ترویج اور اجازت کے لیے یہ شرط ہے کہ شریعت محمدیہ علیٰ صاحبہا الصلواۃ والسلام کے احکام پر ظاہری اور باطنی طور پر پوری طرح استقامت سے عمل کیا جائے اور حتیٰ الوسعۃ ذرہ برابر بھی حدود شرعیہ سے تجاوز نہ کیا جائے۔ اور ہر وقت اللہ تعالیٰ کے ذکر و مراقبہ میں مشغول رہیں۔ کم بولنا، کم سونا، کم کھانا چاہیے۔ توبہ، دنیا سے بے رغبتی، صبر، قناعت، توکل، شکر، خوفِ خدا، تسلیم و رضا کی وصفیں ہونی چاہییں۔ عام لوگوں کی طرح کشف و کرامت اور خلافِ عادت ظاہر ہونے والی باتوں کو کوئی اہمیت نہ دی جائے۔ اپنی ذات اور جملہ مخلوق سے امیدیں وابستہ نہ رکھی جائیں، مریدوں کے مال میں کوئی طمع نہ ہونی چاہئے۔ لوگوں کے عزت و احترام دینے یا رد کرنے کی پرواہ نہ کرنی چاہیے۔ دنیا اور دنیا داروں سے پرہیز کی جائے اور علماء اور فقراء کی خدمت جان و مال اور تن سے کی جائے۔ مخلوقِ خدا کی غیبت اور مذمت سے اجتناب کیا جائے۔ یہی شریعت محمدیہ علیٰ صاحبہا الصلٰوۃ والسلام کا اجمالی بیان ہے۔ اَللّٰہُمَّ ارْزُقْنَا مُتَابَعَۃَ حَبِیْبِکَ فِعْلاً وَ قَوْلًا وَ اِعْتِقَاداً، اَوَّلًا وَ اٰخِراً، ظَاھرا وَ بَاطِنًا۔
|