ذکر قلبی
ذکر اللہ خواہ قلبی ہو یا زبانی انفرادی ہو خواہ اجتماعی، اسکی
فضیلت و اہمیت مسلم ہے۔ لیکن قرآن و حدیث کے مطالعہ سے پتہ چلتا ہے کہ
ذکرِ قلبی کی فضیلت بدرجہا ذکرِ زبانی سے زیادہ ہے۔ البتہ اگر اللہ
تعالیٰ کسی بندے پر خصوصی فضل فرمانا چاہے اور اپنے حضور اسے خوش قسمت
بندہ لکھ دے اور اس کو یہ توفیق دے کہ ہر وقت زبانی ذکر بھی کرتا رہے
اور اسکا دل بھی اسی کے موافق ذکر میں شاغل رہے اور اسے زبانی ذکر سے
قلبی ذکر کی طرف ترقی حاصل ہوجائے۔ یہاں تک کہ اگر زبان خاموش ہو پھر
بھی دل خاموش نہ ہو، اسی کو ذکرِ کثیر کہا جاتا ہے۔
ذکر کی فضیلت میں بین الاقوامی شہرت کے حامل ایک اور محقق و محدث
حضرت ملا علی قاری رحمۃ اللہ علیہ نے حدیث ابوالدرداء رضی اللہ عنہ
بیان کی ہے۔
عَنْ اَبِی الدَّرْدآءِ قَالَ قَالَ رَسُوْلُ اللہ صلّی
اللہ علیہ وسلم اَلا اُنَبِّئُکُمْ بِخَیْرِ اَعْمَالِکُمْ وَ
اَزْکٰہَا عِنْدَ مَلیْککُمْ وَاَرْفَعِہَا فیْ دَرَجَاتِکُمْ
وَ خَیْرٍ لَّکُمْ مِّنْ اِنْفَاقِ الذَّہَبِ وَالْوَرْقِ وَ
خَیْرٍ لَّکُمْ مِّن اَنْ تَلْقُوْا عَدُوَّکُمْ فَتَضْرِبُوْا
اَعْنَاقِہُمْ وَیَضْرِبُوْا اَعْنَاقَکُمْ قَالُوْا بَلیٰ
قَالَ ذِکْرُ اللہ (مشکواۃ المصابیح صفحہ ۱۹۸) |
حضرت ابوالدرداء رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ آنحضرت صلّی
اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کیا میں تمہیں تمہارے اعمال میں سے
بہتر عمل کی خبر نہ دوں جو تمہارے رب کے نزدیک زیادہ پاکیزہ
ہو، جو تمہارے اعمال میں سب سے بلند مرتبہ ہو، جو تمہارے سونا
اور چاندی کے خیرات کرنے سے زیادہ اچھا عمل ہو، جو تمہارے لیے
اس عمل سے بھی بہتر ہو کہ تم دشمنوں سے مقابلہ کرکے انہیں قتل
کرو اور وہ تمہارے گردنوں پر وار کریں؟ صحابہ نے عرض کیا کہ
ہاں یارسول اللہ صلّی اللہ علیہ وسلم۔ آپ صلّی اللہ علیہ وسلم
نے فرمایا وہ اللہ تعالیٰ کا ذکر ہے۔ |
محدث کبیر حضرت ملا علی قاری رحمۃ اللہ علیہ اس حدیث کی تشریح کرتے
ہوئے فرماتے ہیں۔
اَلْمُرَادُ الذِّکْرُ الْقَلْبِیُّ فَاِنَّہٗ ھُوَ
الَّذِیْ لَہُ الْمَنْزِلَۃُ الزَّائِدَۃُ عَلیٰ بَذْلِ
الْاَمْوَالِ وَالْاَنْفُسِ لِاَنَّہ عَمَلُ نَفْسِیُّ
وَفِعْلُ الْقَلْبِ الَّذِیْ ھُوَ اَشَقُّ مِنْ عَمَلِ
الْجَوَارِحِ بَلْ ھُوَ الْجِہَادُ الْاَکْبَرُ (مرقاۃ
المفاتیح صفحہ نمبر ۲۲ جلد ثالث) |
اس ذکر سے ذکر قلبی مراد ہے۔ یہی وہ ذکر ہے جس کا مرتبہ
جان و مال خرچ کرنے سے بھی زیادہ ہے۔ کیونکہ یہ باطنی عمل ہے
اور دل کا عمل ہے جو کہ دوسرے اعضاء کے اعمال سے نفس کے لیے
زیادہ سخت ہے۔ بلکہ یہی جہاد اکبر ہے۔ |
|