جلوہ گاہِ دوست |
|
بعد الحمد والصلوٰۃ ترجمہ:حمد و صلوٰۃ اور دعا کے بعد احوال یہ کہ آپ کا مکتوب جو کہ مولانا مہدی علی کے ہاتھ بھیجا تھا وصول پایا اور باعث مسرت بنا۔ الحمدللہ سبحانہ وتعالیٰ کہ فقراء اہل ذکر سے محبت جو کہ دنیوی اور اخروی سعادت کا سرمایہ ہے، مضبوط و مستحکم اور طویل عرصہ صحبت سے دوری نے اس پر کوئی اثر نہیں کیا۔ دو چیزوں کی حفاظت کرنا لازمی و ضروری ہے، ایک صاحب شریعت رسول اللہ علیہ الصلوٰۃ والسلام کی سنتوں کی تابعداری، دوم اپنے شیخ و مقتدیٰ سے اخلاص و محبت ہے۔ ان دو چیزوں کے ہوتے ہوئے جو کچھ (کشف و کرامات و احوال) دیا جائے نعمت ہے اور اگر کچھ بھی نہ دیں لیکن یہ دونوں مضبوطی سے حاصل ہیں تو غم و فکر کی کوئی بات نہیں۔ آخرکار اسے (باطنی کرامات و کمالات) دے دیں گے۔ لیکن اگر العیاذ باللہ ان دو میں سے کسی ایک میں خلل واقع ہو، گو اس کے ساتھ احوال و اذواق یعنی کشف اور باطنی لذت حاصل رہیں تو ان کو استدراج یعنی ڈھیل سمجھنا چاہیے اور اس میں اپنے لیے خرابی کے سوا کچھ نہ سمجھا جائے۔ استقامت کا طریقہ یہی ہے۔ واللہ سبحانہ الموفق۔ والسلام |