پچھلا صفحہ

[ فہرست ]

جلوہ گاہِ دوست

اگلا صفحہ

 

مختصر حالات حضرات مشائخ سلسلہ عالیہ نقشبندیہ

سلطان العارفین سید الطائفۃ
حضرت بایزید بسطامی

نور اللہ مرقدہ

 

آپ کا نام نامی طیفور، والدکا نام عیسیٰ اور کنیت ابویزید ہے۔ آپ ایک کردی عالم کے شاگرد تھے، مگر بعد میں علم ظاہری کو ترک کرکے فقیری کی راہ اختیار کی۔ آپ کی طرف بہت سی خلاف واقع باتیں منسوب کی گئیں ہیں جن کی کوئی اصل نہیں، جبکہ بعض حضرات نے ان کلمات کے ثبوت کی صورت میں اس کو حالت سکر و غلبہ پر حمل کیا ہے۔ آپ کے متعلق حضرت جنید بغدادی قدس سرہ فرمایا کرتے تھے کہ ”راہ توحید کے سالکوں کی انتہا بایزید کی ابتدا کے برابر ہے“۔ آپ حضرت معروف کرخی علیہ الرحمۃ کے پیر بھائی اور حضرت یحییٰ بن معاذ رازی رحمۃ اللہ علیہ کے ہمعصر ہیں۔ ولادت ۱۳۶ ہجری بسطام میں ہوئی اور ۱۵ شعبان ۲۶۱ ہجری کو بسطام میں انتقال فرمایا۔ انا للہ وانا الیہ راجعون۔

حضرت امام جعفر صادق رضی اللہ عنہ سے آپ نے روحانی فیض حاصل کیا۔ سید الطائفۃ حضرت جنید بغدادی علیہ الرحمۃ نے آپ کے متعلق فرمایا بایزید ہمارے درمیاں اس طرح ہیں جس طرح ملائکہ میں حضرت جبریل علیہ السلام۔ آپ کے ملفوظات میں ہے کہ نیکوں کی صحبت نیک کام کرنے سے بدرجہا بہتر ہے اور بروں کی صحبت برے کام کرنے سے زیادہ نقصان دہ اور مہلک ہے۔ طریقہ طیفوریہ آپ ہی کی طرف منسوب ہے اور اس فرقہ کی بنیاد سکر و غلبہ پر ہے۔ یہ لوگ ہمیشہ بنفشۂ الٰہی میں مست سرشار رہتے ہیں۔ آپ کی طرف بھی جو غیر مناسب باتیں منسوب کی گئی ہیں یا تو انکی کوئی اصل نہیں، جبکہ ثبوت کی صورت میں تحقیقی علماء نے اس کو آپ کی حالت سکر و غلبہ حال پر حمل کیا ہے۔