پچھلا صفحہ

[ فہرست ]

جلوہ گاہِ دوست

اگلا صفحہ

 

مختصر حالات حضرات مشائخ سلسلہ عالیہ نقشبندیہ

حضرت سید شمس الدین امیر کلال

رحمۃ اللہ علیہ

 

آپ عالی نسب سید سادات میں سے ہیں۔ آپ کی جائے ولادت بخارا ہے۔ شہر بخارا سے چھ میل کے فاصلہ پر سوخار نامی قریہ میں ۶۷۶ ہجری میں پیدا ہوئے۔ معاش کا ذریعہ زراعت تھا۔ طاقت ور پہلوان تھے، شوق سے کشتی کھیلا کرتے تھے۔ چنانچہ ایک مرتبہ لوگوں کا مجمع لگا ہوا تھا، کشتی کا کھیل شروع تھا کہ وہاں سے حضرت بابا سماسی قدس سرہ کا گذر ہوا تو آپ وہیں کھڑے ہوگئے اور فرمانے لگے ”یہاں موجود ایک شخص سے بندگان خدا کو فیض پہنچے گا، میں اسی لیے کھڑا ہوں“۔ چنانچہ یہ سیدزادے اسی وقت سے حضرت بابا سماسی علیہ الرحمۃ کے ساتھ روانہ ہوگئے۔ صحبت و خدمت میں رہ کر آپ کے خلیفہ بلکہ جانشین بنے۔ آپ کے باکمال اور صاحب فیض ہونے کے لیے یہی کافی ہے کہ آپ طریقہ عالیہ نقشبندیہ کے عظیم پیشوا حضرت سید بہاؤالدین نقشبند بخاری رحمۃ اللہ علیہ کے پیر و مرشد ہیں۔ بروز بدھ ۲ جمادی الآخر ۷۷۲ ہجری کو اس دار فانی سے دائمی ملک بقا روانہ ہوئے۔ انا للہ وانا الیہ راجعون۔ آپ کا مزار سوخار ہی میں زیارت گاہ اور مرکز رشد و ہدایت ہے۔