جلوہ گاہِ دوست |
|
آپ کی ولادت ۱۲۷۰ ہجری میں حضرت مراد علی شاہ رحمۃ اللہ علیہ کے گھر داؤد خیل میں ہوئی۔ بچپن کا زمانہ داؤد خیل میں گذرا۔ بڑے ہوکر عربی فارسی کی تعلیم حاصل کرنے کالاباغ تشریف لے گئے، جہاں دورۂ حدیث تک مکمل درس نظامی کی تعلیم حاصل کی۔ تعلیم سے فراغت کے بعد باطنی اصلاح کے لئے خواجہ خواجگان حضرت حاجی محمد عثمان دامانی نقشبندی رحمۃ اللہ علیہ کی خدمت میں حاضر ہوئے، لیکن انکی علالت کی وجہ سے (کہ آپ آخری پانچ سال بیعت کے لئے آنے والوں کو صاحبزادہ حضرت سراج الدین یاخلیفہ ارشد حضرت لعل شاہ ہمدانی رحمۃ اللہ علیہما کے سپرد فرماتے تھے) انکے خلیفہ ارشد حضرت سید لعل شاہ ہمدانی رحمۃ اللہ علیہ سے بیعت ہوئے۔ ان کی بیعت سے فیضیاب ہو کر خلافت و اجازت سے مشرف ہوئے۔ طویل عرصہ تبلیغ دین کے بعد تقریبا ۱۸۹۲ء میں فقیر پور شریف نامی مرکز ضلع مظفر گڑھ میں قائم فرمایا۔ ابھی آپ کا سلوک ناتمام تھا کہ حضرت سید لعل شاہ ہمدانی رحمۃ اللہ علیہ کا انتقال ہوگیا۔ اس لئے بیعت ثانیہ کے لئے خواجہ خواجگان حضرت سراج الدین رحمۃ اللہ علیہ کے حضور موسیٰ زئی شریف حاضر ہوئے۔ بیعت ثانیہ کی اور آپ کے پاس دائرہ لاتعین تک سلوک کی تکمیل فرمائی۔ پہلے چوں کہ فقیرپور شریف تک آنے جانے کیلئے معقول سہولت نہ تھی اور لوگ بکثرت آپ سے فیضیاب ہونے کے لئے حاضر ہوتے تھے، اس لئے آپ نے شہر سلطان کے قریب مسکین پور شریف نامی ایک نیا مرکز قائم فرمایا اور آخر عمر تک وہیں قیام فرما رہے۔ حضرت پیر قریشی رحمۃ اللہ علیہ کے سوانح نگاروں نے لکھا ہے کہ آپ نے تبلیغ دین کے سفر میں جو ایام صرف کیے وہ ان سے کہیں زیادہ تھے جو آپ نے اپنے گھر میں گزارے۔ سندھ کے اکثر اضلاع، صوبہ پنجاب کے علاوہ متعدد بار ہندوستان کے تبلیغی دورے فرمائے۔ حضرت پیر قریشی رحمۃ اللہ علیہ مذہب کے حوالہ سے مقلد حنفی اور مسلک کے اعتبار سے عاشق رسول صلّی اللہ علیہ وسلم سنی اور مشرب کے لحاظ سے نقشبندی مجددی تھے۔ ۸۴ برس کی عمر میں تبلیغی سفر میں تھے کہ آپ پر فالج کا حملہ ہوا اور اسی حالت میں واپس مسکین پور شریف پہنچے۔ بدھ یکم رمضان المبارک ۱۳۵۴ ہجری میں چاند رات کو انتقال فرمایا۔ انا للہ وانا الیہ راجعون۔ مزار پرانوار درگاہ مسکین پور شریف ضلع مظفر گڑھ میں زیارت گاہ خاص و عام ہے۔
|