شجرہ طیبہ مطہرہ
سلسلہ عالیہ مشائخِ نقشبندیہ
از کلام قدوۃ السالکین زبدۃ العارفین حضرت الحاج
محمد طاہر المعروف سجن سائیں مدظلہ
سجادہ نشین درگاہ اللہ آباد شریف کنڈیارو
بِسْمِ اللہ الرَّحمٰنِ الرَّحِیْمِ
اَللّٰہُمَّ صَلِّ عَلیٰ سَیِّدِنَا مُحَمَّدٍ
وَّعَلیٰ اٰلِ سَیِّدِنَا مُحَمَّدٍ ھُوَ طَبِیْبٌ لِّقُلُوْبِنَا
وَشَفِیْعٌ لِّذُنُوْبِنَا وَبَارِکْ وَسَلِمْ
سب ثنا مخصوص ذاتِ کبریا کے واسطے
رحمۃ للعالمین شافع جزا کے واسطے
ہو عطا صدق و صفا صدیق اکبر کے طفیل
حب اپنی کر عطا اس باوفا کے واسطے
صدقے سلمان فارسی کے ہو کرم تیرا کریم
حضرت قاسم امام الاولیا کے واسطے
نفس ہو مغلوب حضرت سید جعفر طفیل
قطب عالم بایزید بادشاہ کے واسطے
خواجہ خرقانی ابوالحسن شہنشاہِ اولیاء
پیر پیراں ابوالقاسم باخدا کے واسطے
صاحب فیض و فضیلت بوعلی شیخ الوریٰ
خواجہ بویوسف دلارے باوفا کے واسطے
خواجہ صاحب عبدالخالق غجدوانی اولیاء
شیخ عارف ریوگری اس حق نما کے واسطے
حضرت محمود صدقے عاقبت محمود ہو
پیر علی رامیتنی مردِ خدا کے واسطے
خواجہ بابا سماسی مردِ فاضل باکمال
شاہ شمس الدین سید شہنشاہ کے واسطے
غوثِ اعظم، قطبِ عالم، شہنشاہِ نقشبند
شاہ بہاؤالدین بخاری دلربا کے واسطے
دل میرا ہو اسم اعظم سے منور یاخدا
پیر علاؤالدین عابد بے ریا کے واسطے
حضرت یعقوب صدقے مشکلیں سب معاف ہوں
پیر عبید اللہ افضل اولیاء کے واسطے
حضرت زاہد کے صدقے زُہد کامل ہو نصیب
سائیں درویش محمد مُقتدا کے واسطے
خواجہ امکنگی کے صدقے گریہ زاری ہو عطا
خواجہ محمد باقی باللہ باصفا کے واسطے
شہنشاہِ اولیاء نائب جنابِ مصطفیٰ
حضرت خواجہ مجدد مہرباں کے واسطے
حضرت معصوم صدقے عشق کامل ہو نصیب
خواجہ سیف الدین رہبر و رہنما کے واسطے
حضرت محسن کے صدقے معاف ہو میری خطا
پیر کامل نور محمد پارسا کے واسطے
شیخ حبیب اللہ شہید مرزا مظہر جانِ جاں
خیر خواہ خواجہ غلام علی خوش ادا کے واسطے
بوسعید شیخ احمد دہلوی غوث زماں
فاروقی احمد سعید شمس الہدیٰ کے واسطے
دوست تیرا یا الٰہی دوست محمد دلربا
حضرت عثمان تارک ماسوا کے واسطے
حضرت محمد لعل شاہ اور سراج الدین پیر
دل کی ظلمت دور ہو ان مہ لقا کے واسطے
فیض فضلی کا ہے برسا عجم عربستان پر
فضل ہو فضلِ علی فضلِ خدا کے واسطے
نائبِ خیر الوریٰ حضرت محمد عبدالغفار
مہر ہو منظور مجھ پر مہربان کے واسطے
ابرِ رحمت شاہِ شفقت حضرت اللہ بخش سائیں
یہ دعا مقبول ہو قطبُ الوریٰ کے واسطے
مال ملکیت کی محبت قلب سے زائل کریں
پیر ہادی اللہ آبادی بَھر جَھلا کے واسطے
شیخ کامل میں فنائیت اور محبت ہو نصیب
پیر بس راضی رہے اس بے نوا کے واسطے
یا خدا در چھوڑ تیرا میں بتا جاؤں کہاں
رحم کر اے راحمین اپنی سخا کے واسطے
شرِ شیطانی سے مجھ کو یاخدا محفوظ رکھ
نفس ہو مقہور میرا دائما کے واسطے
تیری خوشنودی مقدم ہو سدا میرے لیے
ہر عمل ہو بے ریا تیری رضا کے واسطے
ہیں نمازیں بے خشوع اور سجدے میرے بے قرار
مہر سے مقبول ہوں نورالہدیٰ کے واسطے
تیری رحمت اور شفقت کا بحر ہے بے کراں
ایک قطرہ بخش دے صل علیٰ کے واسطے
مجھ کو رکھیو مفلسی سے دور در ہر دوسرا
پوری کر سب حاجتیں اپنی سخا کے واسطے
عدو ہوں مغلوب میرے دین و دنیا کے تمام
کافی ہے بس فضل تیرا خاکِپا کے واسطے
ہو عطا مجھ کو سعادت دین و دنیا کی تمام
سید الکونین خاتم الانبیاء کے واسطے
التجائیں محمد طاہر کی ہوں سب مستجاب
جملہ کامل اولیاء اور اتقیاء کے واسطے
آمِیْن یَارَبَّ الْعَالَمِیْنِ بِحُرْمَۃِ
النَّبِیْ الْکَرِیْم وَعَلیٰ آلِہٖ وَاَصْحَابِہٖ اَجْمَعِیْن
|